ناظرہ قرآن کریم

جامعہ کے اس شعبہ میں آنے والے بچوں کو پہلے "قاعدہ" اور پھر ناظرہ قرآن کریم اول تا آخر تجوید اور صحیح قراء ت کے ساتھ پڑھایاجاتاہے ،اس کے ساتھ ساتھ ان بچوں کواساتذہ کرام اسلام کے بنیادی عقائد اور ضروری احکام خصوصاً وضو، طہارت اور نماز سے متعلق مسائل سکھاتے ہیں۔ اس شعبہ میں اسکولوں میں پڑھنے والے طلباء کے لیے یہ سہولت بھی موجود ہے کہ ان میں سے صبح اسکول جانے والے دوپہر کو اور دوپہر میں اسکول جانے والے صبح کے اوقات میں پڑھیں۔

تحفیظ قرآن کریم

جامعہ کا ایک اہم شعبہ "تحفیظ القرآن الکریم" ہے جس میں ناظرہ کے بعد بچوں کوقرآن کریم حفظ کرایا جاتاہے ،جامعہ کے قیام کے بعد اب تک جامعہ اور اس کی شاخوں سے ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرچکے ہیں اور اس وقت بھی اس شعبہ میں سینکڑوں طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں۔

درس نظامی

یہ برصغیر کے تقریباً تمام دینی مدارس کا کم از کم مڈل یامتوسطہ کے بعد وہ بنیادی مشترکہ ومتفقہ آٹھ سالہ نصاب ہے جس کو "وفاق المدارس العربیہ" کی اصطلاح کے اعتبار سے چار تعلیمی مراحل پرتقسیم کیا گیاہے "عامہ ،خاصہ ،عالیہ اورعالمیہ" جبکہ ہر مرحلہ دو سال پر مشتمل ہے۔

ان مراحل میں جو علوم پڑھائے جاتے ہیں وہ ترجمہ وتفسیر قرآن کریم ، اصول تفسیر، حدیث نبوی، اصول حدیث، فقہ، اصول فقہ، علم میراث، علم کلام، سیرت نبوی، تاریخ اسلام اوردیگر علوم عربیہ جیسے صرف، نحو، لغت، بلاغت، ادب، عروض وقوافی، منطق، فلسفہ اورفلکیات وغیرہ پرمشتمل ہیں۔

جامعہ میں وفاق المدارس العربیہ کامجوزہ نصاب پڑھایاجاتاہے۔ مڈل یا میٹرک اور درس نظامی پڑھنے کے بعد وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی طرف سے "عالمیہ" (مساوی ایم اے) کی سند دی جاتی ہے۔

شعبہ بنات

جامعہ میں طلبہ کی طرح طالبات کے لیے بھی ناظرہ، حفظ قرآن کریم اور منتخب درس نظامی کا اہتمام ہے، جس میں خاصہ سال اول سے عالمیہ (دورة الحدیث) تک وفاق المدارس العربیہ کے مجوزہ نصاب تک تعلیم دی جاتی ہے۔

جامعہ میں طالبات کے لیے ایک الگ مستقل عمارت قائم ہے جہاں وہ شرعی با پردہ ہوکر تعلیم حاصل کرتی ہیں۔ الحمدللہ جامعہ کی شہر سرگودھا میں یہ خاصیت ہے کہ جامعہ طالبات کو بھی فری ہاسٹل، میڈیکل اور مکمل کھانے پینے کا نظام بلکل فری فراہم کرتا ہے۔